ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: ہندتوا کے نام پر اقتدار پانے والی حکومت پورے دیش کو برباد کر سکتی ہے : ایچ جے وی کے بانی صدر رمیش شیٹی نے ظاہر کیا خدشہ

مینگلور: ہندتوا کے نام پر اقتدار پانے والی حکومت پورے دیش کو برباد کر سکتی ہے : ایچ جے وی کے بانی صدر رمیش شیٹی نے ظاہر کیا خدشہ

Fri, 24 Sep 2021 19:30:11    S.O. News Service

مینگلور  24/ ستمبر (ایس او نیوز) میسور میں ہوئے مندرانہدام کی مذمت میں ریاستی حکومت کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ہندو جاگرن ویدیکے کے بانی صدر رمیش شیٹی تمیروڈی نے کہا کہ ہندوتوا کے نام پر اقتدار پر آنے والی مرکزی حکومت دیش کی املاک فروخت کرنے میں لگی ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ لوگ پورے دیش کو برباد کرکے چھوڑیں گے ۔

کنڑا روزنامہ وارتھا بھارتی میں شائع رپورٹ کے مطابق  مینگلور کے قریب بیلتنگڈی میں     منی ودھان سودھا کے روبرو مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رمیش شیٹی نے کہا کہ ہندوتوا کی بنیاد پر اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی حکومت ہندووں کے ہی مقدس مقامات کو نشانہ بنارہی ہے ۔  یہ سب دیکھتے ہوئے بھی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان نے چپکی سادھ رکھی ہے ۔ انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں ایسی ذلیل حرکت نہیں ہوئی ہے ۔ مذہبی مقامات کو چاہے جو بھی منہدم کرے ، وہ دہشت گرد ہیں ۔ بی جے پی کے لئے ہندوتوا صرف اقتدار کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی میں بدعنوان اور بدکردار افراد بھر گئے ہیں ۔ اور کمی پوری کرنے کے لئے باہر سے بھی منگوائے جا رہے ہیں ۔ اقتدار پر آنے کے دو سال کے اندر ہی کئی اراکین اسمبلی کروڑوں کے اثاثے بنا چکے ہیں ۔ 

    رمیش شیٹی نے سنسنی خیز انداز میں کہا کہ کئی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کی سی ڈیز میرے پاس موجود ہیں ۔ جب ضروری محسوس ہوگا ، میں اسے ریلیز کردوں گا ۔      انہوں نے وزیر اعلیٰ بومئی کو ذہنی طور پر ایک غیر متوازن شخص قرار دیتے ہوئے آر ایس ایس سے پوچھا کہ کیا انہیں وزارت اعلیٰ کے لئے سنگھ پریوار کا کوئی لیڈر نہیں ملا ۔

    سابق وزیر اعلیٰ ڈی وی سدا نند گوڈا پر نشانہ سادھتے ہوئے رمیش شیٹی نے کہا کہ جب سوجنیا نامی لڑکی کی عصمت دری اور قتل کا معاملہ پیش آیا تھا تو اس وقت سدانند گوڈا وزیر اعلیٰ تھے ۔ اس وقت انہوں نے مقتولہ کا ساتھ دینے کے بجائے مجرموں کا ساتھ دیا تھا ۔ آج سداگونند گوڈا خود بے عزتی اور ذلت کا سامنا کر رہے ہیں اور یہ مقتول سوجنیا کی بد دعا کا اثر ہے ۔


Share: